ممبئی28؍ مئی(ایس او نیوز؍پریس ریلیز) مہاراشٹر کے ثقافتی شہر اورنگ آباد میں گذشتہ دنوں رونما ہونے والے فرقہ وارانہ فساد کے مسلم متاثرین میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے پہلے مرحلہ میں پانچ لاکھ روپئے کی امداد تقسیم کی ہے تاکہ فساد کی وجہ سے جن مسلمانوں کے کاروبار متاثر ہوہئے تھے انہیں اپنے قدموں پر کھڑے ہونے میں کچھ مدد مل سکے ۔
ریاستی جمعیۃ علماء کی ایماء پر رکن مجلس عاملہ مولانا عبدالقیوم کی قیادت میں ایک وفد جس میں دھولیہ جمعیۃ علماء کے جنرل سیکریٹری مشتاق صوفی، رکن مجلس عاملہ عارف قریشی ودیگر شامل تھے نے اورنگ آباد کے متاثرہ علاقہ کا دورہ کرکے متاثرین میں نقد ریلیف تقسیم کی ۔
متاثرین میں پانچ سے لیکر پچاس ہزار تقد ریلیف کی تقسیم کے وقت اورنگ آباد ضلع جمعیۃ علماء کے صدر حافظ شیر خان، شیخ مجیب، ایڈوکیٹ انیس، مصطفی خان، شیخ جاوید، شیخ محمود، عتیق پالودکر، سید ندیم،محمدابراہیم ، ماجد خان ود یگر موجود تھے جنہوں نے ریاستی جمعیۃ کی ہدایت پر اس کام کو انجام دیا ۔
واضح رہے کہ فرقہ وارنہ فسادات کی اطلاع ملتے ہی صدر جمعیۃ علما ء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی نے وزیر اعلی مہاراشٹر سے متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس جانب ابھی تک ریاستی حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔